Get Alerts

’غیرت کے نام پر قتل غیر قانونی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے‘ ؛ علما کا غیرت کے نام پر قتل کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم کا حصہ بننے کا اعلان

’غیرت کے نام پر قتل غیر قانونی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہے‘ ؛ علما کا غیرت کے نام پر قتل کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم کا حصہ بننے کا اعلان
ضلع لوئر کوہستان کے علما اور مذہبی اسکالرز کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہے کہ وہ غیرت کے نام پر قتل کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم کا حصہ ہوں گے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پتن میں لوئر کوہستان کے ضلعی ہیڈکوارٹرز کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلمان خان کی جانب سے بلائے گئے ایک اجلاس میں مولانا دلدار احمد نے کہا کہ ہم غیرت کے نام پر مرد اور خواتین کے قتل کو ختم کرنے اور لوگوں کو یہ ترغیب دینے کہ اس طرح کے قتل غیر قانونی اور اسلامی تعلیمات کے خلاف ہیں کے لیے محکمہ پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔

اجلاس میں مولانا عبدالودود، مولانا امیز خان، مولانا دلدار احمد، مولانا کریم داد، مولانا حدیث خان، مولانا رضوان، مولانا اصرار، مولانا ظہر علائی اور مولانا عباس نے شرکت کی اور غیرت کے نام پر قتل اسلامی تعلیمات کے خلاف قرار دیا۔

مولانا کریم داد نے کہا کہ صرف شک کی بنیاد پر مرد اور عورت کا قتل گناہ عظیم ہے اور اس کے ذمہ دار سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔

قبل ازیں ڈی پی او سلمان خان کا کہنا تھا کہ ہزارہ ڈویژن پولیس کے ڈی آئی جی قاضی جمیل الرحمان نے انہیں اور لوئر کوہستان اور کولائی پالاس کے ضلعی پولیس افسران کو کہا تھا کہ وہ غیرت کے نام پر قتل پر مؤثر کریک ڈاؤن کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قتل کوہستانی معاشرے کے ساتھ منسلک ایک بدنما داغ ہے، اس سے بچنے کے لیے آپ کو لوگوں میں شعور بیدار کرنا چاہیے۔

ڈی پی او کی جانب سے علما سے کہا گیا کہ وہ جمعہ کے خطبات اور دیگر پروگراموں میں اس مسئلے کو اجاگر کریں۔