Get Alerts

ایک پیج اور ہائبرڈ سسٹم والی بات اب نہیں رہی، نسیم زہرہ

ایک پیج اور ہائبرڈ سسٹم والی بات اب نہیں رہی، نسیم زہرہ
نسیم زہرہ نے کہا ہے کہ ایک پیج اور ہائبرڈ سسٹم والی بات نے کام نہیں کیا، آئندہ دو سالوں میں مکمل اعتماد والی بات بھی اب نہیں رہے گی۔

یہ بات انہوں نے نیا دور ٹی وی کے پروگرام '' خبر سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر تجزیہ کرتے ہوئے نسیم زہرہ کا کہنا تھا کہ اہم بات یہ ہے کہ آرمی چیف اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی طویل ملاقات کسی تصفیے پر نہیں پہنچی تھی۔

نسیم زہرہ کا کہنا تھا کہ خبر آئی کہ وزیراعظم کو تین ناموں کی سمری بھیجی گئی ہے۔ میں نے تصدیق کیلئے کے لئے پنڈی فون کیا تو وہاں سے جواب ملا کہ یہاں سے تو کوئی سمری نہیں گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تو ماننا پڑے گا کہ آئی ایس آئی سربراہ کی تقرری کا اعلان پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے ہونا باعث تعجب تھا۔

پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رضا رومی کا کہنا تھا کہ ملک کے حساس ترین ادارے کو سیاست زدہ کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے معاملے پر دونوں اطراف میڈیا میں لیکس کر رہے ہیں۔

نسیم زہرہ نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بات یہ ہے کہ اب چاہے کوئی جو مرضی کہے، ایک پیج کی بات کرے لیکن اعتماد ٹوٹا ہے۔ اب فوج کی کمان بس یہی دیکھ رہی ہوگی کہ یہ سب معاملہ ابھی حل ہوجائے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر پر جو بحران پیدا ہوا ہے وہ ہماری خارجہ اور افغان پالیسی پر خاص اثر ڈالے گا۔

مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ جنرل فیض حمید پشاور کور کی کمان سنبھال لیتے ہیں اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل انجم ندیم آئی ایس آئی سربراہ تعینات ہو جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود جو تاثر پیدا ہو چکا ہے کہ جنرل فیض عمران خان کی بیساکھی ہیں اس کا کیا ہوگا؟