Get Alerts

اعتزاز احسن کو اس لئے گرفتار نہیں کیا کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں: رانا ثنا

اعتزاز احسن کو اس لئے گرفتار نہیں کیا کہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں: رانا ثنا
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بیرسٹر اعتزاز احسن کے خلاف حکومت نے جنرل باجوہ پر الزام لگانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی کیونکہ ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے۔

جمعرات کی شام حامد میر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جب رانا ثنا سے سوال کیا گیا کہ اعظم سواتی نے آرمی چیف کے خلاف ٹوئیٹس کیں تو آپ نے ان کو گرفتار کر لیا لیکن اعتزاز احسن نے بھی وہی بات کی تو ان کو کچھ نہیں کہا گیا تو کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے؟

رانا ثنااللہ نے جواب دیا کہ اس کی وجہ پیپلز پارٹی نہیں بلکہ اعتزاز احسن کا دماغی توازن درست نہ ہونا ہے۔ وہ اب جس کا بھی کیس لڑتے ہیں اس کا نقصان کروا دیتے ہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن نے جیو نیوز کا کیس لڑا تھا اور انہوں نے جو مؤقف اختیار کیا، اس سے پیچھا چھڑاتے جیو نیوز کو چھ ماہ لگ گئے تھے۔ حامد میر نے کہا کہ آج کل وہ اے آر وائے کے وکیل ہیں اور وکیل کوئی شخص کسی بھی ادارے کا ہو سکتا ہے۔ اس پر رانا ثنااللہ نے کہا کہ بس پھر اے آر وائے کی بھی خیر نہیں۔

بدھ کو بیرسٹر اعتزاز احسن نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ شہباز شریف اور مریم نواز کے کیسز میں ان کی بریت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ایما پر ہوئی تھی اور ایسا کر کے جنرل باجوہ نے بہت بڑا جرم کیا تھا۔ اس بیان پر پیپلز پارٹی پنجاب کی جانب سے بھی سخت ردعمل دیکھنے میں آیا تھا جب اس کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید نے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے اعتزاز احسن کی پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔