رابی پیرزادہ کو اژدھے، مگر مچھ اور سانپ کیساتھ مودی کے خلاف ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا

رابی پیرزادہ کو اژدھے، مگر مچھ اور سانپ کیساتھ مودی کے خلاف ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا
اداکارہ و گلوکارہ رابی پیر زادہ کو جنگلی حیات رکھنے اور ان کے ساتھ ویڈیو اور تصویریں بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنا مہنگا پڑ گیا، محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے گلوکارہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔



محکمہ تحفظ جنگلی حیات نے اداکارہ رابی پیرزادہ کے خلاف غیرقانونی طور پر اژدھے، سانپ اور مگرمچھ رکھنے کے الزام میں چالان درج کر لیا ہے، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ وائلڈ لائف آفیسر تنویر جنجوعہ نے بتایا کہ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اژدھے، سانپوں، مگرمچھ اور شیر کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہوئی ہیں جس کی بنا پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔



رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب سہیل اشرف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی ٹیم نے تحقیقات کیں اور رابی پیرزادہ کے خلاف چالان مرتب کر کے ماڈل ٹاون لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔

وائلڈلائف آفیسر نے بتایا کہ محکمہ تحفظ جنگلی حیات ابھی تک سانپ، اژدھا، مگرمچھ اور شیر رکھنے کی جگہ کا سراغ نہیں لگا سکا، کیونکہ سوشل میڈیا پر دیئے گئے ایڈریس جعلی نکلے ہیں۔ وائلڈلائف کی ٹیم نے ڈیفنس اور گارڈن ٹاؤن سمیت دیگر مقامات پر سراغ لگانے کی کوشش کی ہے۔



حکام کے مطابق اژدھا، مگر مچھ اور سانپ وغیرہ رکھنا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، ایسے جانور رکھنے پر جرمانہ اور پانچ سال قید تک کی سزا ہو سکتی ہے۔

محکمہ کے افسر نے بتایا کہ اداکارہ کی سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز ہمارے پاس محفوظ ہیں، اس لئے کارروائی کی گئی ہے تاہم سانپوں اژدھے اور مگرمچھ کا سراغ لگاتے ہی انہیں تحویل میں لیکر کسی سرکاری چڑیا گھرمیں منتقل کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے گلوکارہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے سانپ، مگر مچھ اور اژدھا کے ساتھ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کشمیر میں جاری جارحیت پر للکارا تھا۔




ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رابی پیرزادہ کشمیری لباس زیب تن کیے ہیں جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ایک کشمیری لڑکی کی مودی کے خلاف تیاری، ویسے تو اسے جہنم میں جانا ہی ہے مگر اس جیسے انسان کی دنیا بھی جہنم ہونی چاہیے۔