Get Alerts

سعودی عرب پر ڈرون حملے، دو بڑی آئل فیلڈز میں آگ بھڑک اٹھی

سعودی عرب پر ڈرون حملے، دو بڑی آئل فیلڈز میں آگ بھڑک اٹھی
سعودی عرب کی سرکاری آئل کمپنی کی دو آئل فیلڈز پر ڈرون حملوں سے آئل فیلڈز میں آگ لگ گئی ہے، جس سے فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ سعودی وزارت داخلہ نے ڈرون حملوں کی تصدیق کی ہے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ کتنا جانی و مالی نقصان ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی شہر بقیق میں بڑی آئل فیلڈ اور ارامکو کمپنی کے پلانٹ پر ڈرون حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں وہاں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک ڈرون حملہ آرمکو کمپنی کے بڑے آئل پروسیسنگ پلانٹ بقیق اور دوسرا مغربی آئل فیلڈ خریص پر کیا گیا جب کہ حملے کے نتیجے میں دونوں آئل فیلڈز پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

ارامکو کا کہنا ہے کہ بقیق پلانٹ دنیا میں خام تیل کا سب سے بڑا پلانٹ ہے۔ ایک بار فروری 2016 میں القاعدہ نے بھی اس پلانٹ پر خودکش حملے کی کوشش کی تھی۔

واقعے کی آن لائن ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں دھویں کے کالے بادل اٹھ رہے ہیں اور آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کررہے ہیں۔



یاد رہے کہ سعودی عرب پر ہونے والے گذشتہ حملوں کا الزام یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں پر عائد کیا گیا تھا۔ مگر سعودی سرکاری میڈیا نے اپنی خبروں میں یہ نہیں بتایا کہ ان تازہ حملوں کے پیچھے کون ہو سکتا ہے۔