Get Alerts

یمن :صوبہ الضالع میں اتحادی طیاروں کی بم باری ، متعدد حوثی ہلاک

یمن :صوبہ الضالع میں اتحادی طیاروں کی بم باری ، متعدد حوثی ہلاک
یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے طیاروں نے منگل کی صبح صوبہ الضالع کے شمالی محاذ پر باغی حوثی ملیشیاؤں کے ٹھکانوں اور جتھوں پر متعدد فضائی حملے کیے۔ اس کے نتیجے میں درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ ضلع قعطبہ کے مغرب میں شخب کے علاقے کے نزدیک  بم باری سے راکٹ داغنے کے لانچرز سمیت کئی بھاری عسکری گاڑیاں اور دو فوجی ٹینک تباہ ہو گئے۔

یمنی مشترکہ مزاحمتی فورسز کے ایک عسکری ذریعے نے اتوار کی شب بتایا کہ الضالع کے شمال میں واقع محاذ پر حوثی ملیشیا کے درجنوں ارکان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان میں ایک سینئر عسکری کمانڈر اور متعدد افسر شامل ہیں۔

مقامی نیوز ویب سائٹس نے عسکری ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ حوثی آرٹلری کا کمانڈر الضالع کے شمال میں یمنی فوج کے فرسٹ بریگیڈ کے قبضے میں آ گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق شخب کے علاقے میں سڑکوں پر اور جھاڑیوں کے پیچھے درجنوں مقتول حوثیوں کی لاشیں موجود ہیں جن کو ملیشیا کے مفرور ارکان چھوڑ کر بھاگ گئے۔

اس دوران حوثی ملیشیا نے الفاخر کے اطراف پلوں کو دھماکے سے اڑانے اور بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد نصب کرنے کی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا۔ اس کا مقصد مشترکہ مزاحمتی فورسز کی سلیم سے الفاخر کی جانب پیش قدمی کو روکنا ہے۔