آئی جی پنجاب امجد سلیمی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

آئی جی پنجاب امجد سلیمی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
لاہور: حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں آئی جی پنجاب امجد سلیمی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امجد سلیمی کی جگہ عارف نواز خان کو نیا آئی پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت حمزہ شہباز کی عدم گرفتاری پر آئی جی پنجاب پر برہم ہے، آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی کے علاوہ سی سی پی او لاہور بشیر ناصر کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔

عارف نواز خان پولیس گروپ کے گریڈ 22 کے افسر ہیں جو اس سے پہلے بطور سیکریٹری نارکوٹکس کنٹرول ڈویژن کام کر رہے تھے۔

امجد سلیمی کو اکتوبر 2018 میں آئی جی پنجاب تعینات کیاگیا تھا، اس سے قبل وہ آئی جی سندھ بھی رہ چکے ہیں۔ امجد سلیمی سے قبل آئی جی پنجاب طاہر نواز خان کو بھی تبدیل کیا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی آٹھ ماہ کی حکومت میں یہ تیسرے آئی جی پنجاب کی تبدیلی کا واقعہ ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کسی بھی افسر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی صوابدید ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب جب چاہیں گے افسران کو تبدیل کریں گے۔

دوسری جانب معاملے پر مشیر اطلاعات قانون و اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ آٹھ ماہ میں پنجاب کے تین آئی جی پولیس تبدیل کرنا پی ٹی آئی حکومت کے خراب طرز حکمرانی کی بدترین مثال ہے۔

ایک بیان میں بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ آئی جی وفاق کی مرضی سے تبدیل ہوتا ہے، خان صاحب آپ سندھ کی بات کرتے ہیں یہ نئے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے؟ یہ آپ کی سیاسی منافقت اور طرز حکمرانی کی بھی بدترین مثال ہے۔