وفاقی وزیر فواد چوہدری کو ایک بار پھر وزرات اطلاعات کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
فواد چوہدری کو اطلاعات و نشریات کی وزارت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ ان کے پاس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت پہلے سے موجود ہے جس میں وہ خاصے فعال ہیں اور خاص طور پر قمری مہینوں کے اعلان کے سلسلے میں میڈیا پر اِن رہتے ہیں۔
فواد چوہدری اس سے قبل بھی وزیر اطلاعات رہ چکے ہیں۔ موجودہ حکومت کے اقتدارمیں آنے کے بعد فواد چوہدری کو وزارت اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری سونپی گئی تھی چونکہ فواد چوہدری اس سے قبل تحریک انصاف کے ترجمان بھی تھے اس لیے ان کو اس وزارت کے لیے موزوں ترین سمجھا گیا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی سینیٹر فیصل جاوید نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کو وزرات اطلاعات کا قلمدان سونپے جانے کی تصدیق کی۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں فیصل جاوید نے فواد چوہدری کو ایک بار پھر وزیر اطلاعات بنائے جانے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
https://twitter.com/FaisalJavedKhan/status/1382593931398033409
واضح رہے کہ سابق وزیر اطلاعات شبلی فراز 11 مارچ کی رات 12 بجے چھ سال کی مدت ختم ہونے پر سینیٹ سے ریٹائر ہو گئے تھے جس کے باعث بطور سینیٹر ریٹائر ہونے کے بعد ان کا وفاقی وزیر اطلاعات کاعہدہ عملًا اور آئینی طور پر غیر فعال ہو گیا تھا۔ تاہم وہ تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن میں دوبارہ سینیٹر منتخب ہوئے تھے اور 12 مارچ کو انہوں نے دوسری بار سینیٹر کا حلف اٹھا لیا تھا لیکن ان کی وزارت کا نوٹیفیکیشن دوبارہ جاری نہیں ہوا۔