لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں گلے پر ڈور پھرنے سے ڈولفن اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار ڈولفن اہلکار ڈیوٹی ختم کر کے برکی روڈ پر واقع اپنے گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک گردن پر ڈور پھر گئی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔
اہل کار کی شناخت کانسٹیبل محمد صفدر کے نام سے ہوئی ہے، پولیس حکام کے مطابق اہل کار اپنی ڈیوٹی ختم کر کے نشتر کالونی رنگ روڈ پر گھر جا رہا تھا کہ قاتل ڈور کی زد میں آ گیا، پولیس اہلکار کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی جہاں جاں بحق اہلکار کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ 17 نومبر 2019 کو بھی لاہور میں ایک قیمتی جان پتنگ بازی کی بھینٹ چڑھ گئی تھی، مغل پورہ میں پتنگ کی ڈور گلے پر پھرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، ریسکیو اہلکار کا کہنا تھا کہ 40 سالہ عامر موٹر سائیکل پر صدر بازار جا رہا تھا کہ افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ جس علاقے میں پتنگ بازی ہوئی وہاں کے متعلقہ پولیس افسران ذمے دارہوں گے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ایس ایچ او مغل پورہ کو معطل کر کے لائن حاضر بھی کیا گیا تھا۔
اس سے قبل 20 اکتوبر کو بھی لاہور کے علاقے ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا تھا۔