وفاقی حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طے شدہ 170 ارب روپے کے منی بجٹ کے تحت نئے ٹیکسز نافذ کرنا شروع کر دیے ہیں۔ منی بجٹ کی منظوری سے پہلے ہی سگریٹس پر ٹیکس دُگنا کر دیا گیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے آج سے سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں بھی 150 سو فیصد تک اضافہ کردیا۔ ایف بی آر نے مقامی طور پر تیار ہونے والے سگریٹس پر سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیئر ون میں شامل سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 6500 روپے سے بڑھا کر 16500 روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی گئی ہے۔ ٹیئر ٹو میں شامل سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2050 روپے سے بڑھا کر 5050 روپے فی ایک ہزار سگریٹ کردی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق سگریٹس پر فکسڈ ڈیوٹی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
علاوہ ازیں، 170 ارب کا منی بجٹ آج قومی اسمبلی میں پیش ہوگا۔ سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سیلز ٹیکس کی ایک فیصد شرح بڑھنے سے 50 ارب سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس اور ایف سی ڈی میں اضافے کی ہدایات تمام فیلڈ فارمیشنز کو بھی کر دیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق پرتعیش اشیا پر ڈیوٹی کی شرح 25 فیصد تک پہنچانے کی حکومتی تیاری مکمل ہو گئی ہے۔ لگژری آئٹمز پر ٹیکس لگا کر 60 سے 70 ارب روپے کی آمدن کا امکان ہے۔
ایف بی آر نے مختلف اشیا پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کر دیا ۔ تمام اشیا پر سیلز ٹیکس کی شرح 17 سے بڑھا کر 18 فیصد کردی گئی۔ اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق مختلف الیکٹرانک ڈیوائسز پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیا گیا ہے جن میں کمپیوٹرز، لیپ ٹاپ، گیجٹس، موبائل، اسمارٹ فونز اور آئی پوڈز پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیاگیا۔
اس کے علاوہ ٹی وی، ایل ای ڈی اور ایل سی ڈی سمیت دیگر سینکڑوں الیکٹرونکس پر بھی سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیا گیا۔
جوسر، بلینڈرز، شیکرز اور دیگر الیکٹرنکس مشینری پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیا گیا۔
گاڑیوں کے شیمپو، گاڑی چمکانے کی کریم اور دیگر سامان پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیا گیا۔
پرفیوم اور برانڈڈ عطر پر بھی سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیا گیا۔
ڈبے میں بند تمام اشیا پر سیلز ٹیکس بڑھا دیا گیا۔ خوردنی تیل، بسکٹ، جام، جیلی اور نوڈلز سب مہنگے کر دیئے۔
خواتین کے لیے میک اپ کا سامان، شیمپو، ہیئر کلر، ہیئر ریموو کریم، ہیئر جیل اور ہیئر سیرم، کریم، لوشن، صابن اور ٹوتھ پیسٹ، بچوں کے کھلونے، چاکلیٹ، ٹافیوں پر بھی سیلز ٹیکس بڑھا دیا گیا
اس کے علاوہ شیونگ فوم، شیونگ جیل، شیونگ کریم اور شیونگ بلیڈز پر بھی سیلز ٹیکس 18 فیصد کردیا گیا۔
دوسری جانب وزارت خزانہ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف)کو ایم ای ایف کا ڈرافٹ بھجوا دیا۔ رواں ہفتے کے دوران آئی ایم ایف سے اہم پیش رفت ہونے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف وزارت خزانہ کی جانب سے بھیجے گئے ایم ای ایف پی مسودے کا ریویو لے کر واپس بھیجے گا۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو راضی کرنے کیلئے سیلز ٹیکس بڑھانے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔ جو مختلف کیٹگریز میں بڑھایا جائے گا۔