Get Alerts

عمران خان کی درخواستِ ضمانت خارج

عمران خان کی درخواستِ ضمانت خارج
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عدم حاضری پر درخواست ضمانت خارج کر دی۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج جواد عباس نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے عمران خان کی  استثنیٰ کی درخواست خارج کردی۔

عدالت نے عمران خان کو آج ہی پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے وکیل کو مشاورت کے لیے ڈھائی بجے تک کی مہلت دی تھی تاہم سابق وزیراعظم عدالتی حکم کے باوجود پیش نہ ہوئے۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان کے عدالت کے سامنے دلائل میں  کہا کہ میں دو تین گزارشات عدالت کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اس کیس میں دہشت گردی کی دفعہ نہیں لگتی ۔ عدالت کسی موقع پر بھی یہ فائنڈنگ دے سکتی ہے۔ عدالت اگر یہ فائنڈنگ دیدے تو ہمارا کیس کسی اور عدالت منتقل ہو جائے گا۔

جج نے ریمارکس دیے کہ میرٹ پر تو ہم اس کو تب سنتے جب ملزم حاضر ہوتا۔ یہ ضمانت کی درخواست پر سماعت ہو رہی ہے۔

بابر اعوان نے کہا کہ  144 کی خلاف ورزی پر بھی کوئی ایما ہوتا ہے۔ اصل وجہ ہے کہ عمران خان سفر نہیں کر سکتے ۔ اس کیس میں کوئی ریکوری عمران خان سے نہیں چاہیے ۔ واحد ملک ہے جس میں پوری کابینہ سوچ رہی ہے عمران خان کو گرفتار کرنا ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ ہم وہ چیز سیٹ کریں گے جو ہمیشہ کے لیے طے ہو۔ میں جو ریلیف مقتدر شخصیت کو دوں گا وہی عام شخص کو دوں گا۔

وکیل نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج نے 27 فروری تک عبوری ضمانت دے رکھی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ آپ بھی 27 فروری تک عبوری ضمانت میں توسیع دے دیں۔ عمران خان نے کوشش کی مگر سفر نہیں کر سکے۔ عمران خان نہ کبھی ملک اور نہ ہی عدالت سے بھاگے۔ مجھے یہ کہہ کر ضمانت کی درخواست واپس کریں کہ دہشت گردی کی دفعہ نہیں لگتی۔

جس پر جج نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک فیصلے نے ہمارے ہاتھ باندھے ہوئے ہیں۔ چالان جمع ہونے کے بعد ہم اس مرحلے پر پہنچیں گے۔ بابر اعوان نے کہا کہ عدالت ایک آخری موقع دے کر سمن جاری کر دے۔ میں 10 ہزار کا شورٹی بانڈ جمع کرانے کو تیار ہوں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ ضمانت درخواست واپس لینا چاہتے ہیں تو دروازہ کھلا ہے۔ اگر لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے کر آئیں تو وہ دروازہ بھی کھلا ہے۔

بعد ازاں وکیل بابر اعوان نے عمران خان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا۔ جج راجا جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ آپ مشاورت کر لیں ورنہ ہم فیصلہ سنائیں گے۔ عمران خان ضمانت کی درخواست واپس لیں گے یا  عدالت فیصلہ کرے۔ عدالت نے ڈھائی بجے تک کی مہلت دیتے ہوئے مزید سماعت میں وقفہ کردیا۔

وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی لیکن مہلت کا وقت پورا ہونے پر عدالت نے عمران خان کی عدم پیشی پر ضمانت خارج کردی ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عبوری ضمانت پر تھے۔