پی ٹی آئی نے عمرایوب کو وزیراعظم کے لیے امیدوار نامزد کردیا

اسد قیصر نے بتایا کہ بچہ بچہ جانتاہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔سیاسی جماعتوں سے رابطے کیلئے مجھے مینڈیٹ دیاگیا ہے۔ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سےرابطہ کریں گے۔

پی ٹی آئی نے عمرایوب کو وزیراعظم کے لیے امیدوار نامزد کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمرایوب کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عمرایوب کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کردیا۔ سیاسی جماعتوں سے رابطے کیلئے مجھے مینڈیٹ دیاگیا ہے۔ایک سے 2 روز میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلائیں گے۔ امید ہے قومی اسمبلی میں وزیراعظم ہمارا آئے گا۔

اسد قیصر نے بتایا کہ انہیں تمام سیاسی جماعتوں سےبات کرنےکاٹاسک دیا گیا ہے۔ الیکشن میں دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والی جماعتوں سےرابطہ کریں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہم مستعفی نہیں ہوں گے۔ ہم اسمبلی میں بیٹھ کرقانونی اورعوامی جنگ لڑیں گے۔ وفاق میں سپیکر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے نام پر بات نہیں ہوئی جبکہ سپیکر خیبرپختونخوا سمبلی کےلیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کاسب سے بدترین الیکشن ہوا اورہم چاہتے ہیں آپس میں بیٹھ کرلائحہ عمل بنائیں۔ پاکستان میں ہونے والےحالیہ الیکشن کو دنیا بھی نہیں مان رہی۔

اسد قیصر نے امید ظاہر کی کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا وزیراعظم آئے گا۔

انہوں نےبتایا کہ بانی پی ٹی آئی آج شام تک احتجاج کی تاریخ دیں گے۔ پی ٹی آئی ملک بھر میں احتجاج تحریک شروع کرے گی۔ پورے ملک میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور احتجاج کیا جائے گا۔

 اسد قیصر نے کہا کہ بچہ بچہ جانتاہے کہ الیکشن میں پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ پہلی بار بغیر کسی شرم کے دھاندلی کی گئی، اس دھاندلی کو کوئی قبول نہیں کرے گا۔ یہ عوام کے مسائل حل کرسکتے ہیں نہ دنیا میں نمائندگی کرسکتے ہیں۔ پاکستان میں عوام کا بنیادی جمہوری حق چوری ہورہا ہے۔