این اے 128 سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس 

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے عدالت کوآگاہ کیا کہ 12 فروری کا این اے 128 میں عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں۔ غلطی الیکشن کمیشن سے ہوئی اس وجہ سے نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

این اے 128 سے عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس 

الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 لاہور سے   استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا جبکہ اس حوالے سے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ  کرتے ہوئے کہا کہ سلمان اکرم راجہ کی کمیشن میں زیر التوا درخواست کو قانون کے مطابق سن کرفیصلہ کریں گے۔ عدالت نے ڈی جی لا کی یقین دہانی پرسلمان اکرم راجہ کی درخواست نمٹا دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری کی کامیابی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پرسماعت کی۔

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے عدالت کوآگاہ کیا کہ 12 فروری کا این اے 128 میں عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے رہے ہیں۔ غلطی الیکشن کمیشن سے ہوئی اس وجہ سے نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔

وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کیا الیکشن کمیشن فارم 49 کوبھی واپس لے رہے ہیں؟

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

عدالت نے ریمارکس دیے یہ باقی معاملات الیکشن کمیشن جاکر واضح کریں۔ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ کی الیکشن کمیشن میں زیرالتواء درخواست کو قانون کے مطابق سن کر فیصلہ کریں گے۔

عدالت نے ڈی جی لاء الیکشن کمیشن کے بیان کے بعد سلمان اکرم راجہ کی درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ جہانگیر ترین کی استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے عون چوہدری اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سلمان اکرم راجہ حلقہ این اے 128 سے ایک دوسرے کے خلاف مدمقابل آئے تھے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نتائج کے مطابق محمد عون ثقلین ایک لاکھ 72 ہزار576 ووٹ حاصل کر کے کامیاب ٹھہرے جبکہ سلمان اکرم راجہ ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پررہے تھے۔

سلمان اکرم راجہ نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی نتائج چیلنج کیے تھے جس پر سماعت کے بعد عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے 128 کا نتیجہ جاری کرنے سے روکا تھا۔