پرویز مشرف سنگین غداری کیس: نواز شریف اور چوہدری نثار کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر

پرویز مشرف سنگین غداری کیس: نواز شریف اور چوہدری نثار کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
سابق صدر پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ بنانے پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی، جس میں دونوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف پر آرٹیکل 6 کا مقدمہ بنانے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں نواز شریف، چوہدری نثار و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ نےخصوصی عدالت کی تقریری کو غیر قانونی قرار دیا ہے، ہائیکورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوا کہ پرویز مشرف کے خلاف کارروائی بدنیتی پر مبنی تھی۔

درخواست میں کہا گیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سابق سیکرٹری شاہد خان کے خلاف بھی غیر آئینی اقدامات پر فیصلہ دیا جائے۔

درخواستگزار کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری ضروری ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایگزیکٹو اختیارات استعمال کر کے درخواست دائر کی، اس معاملے میں آئینی اور قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف کو واپس وطن لا کر سزا مکمل کرانے کا حکم دیا جائے اور چوہدری نثار، شاہد خان کے نام ای سی ایل میں شامل کیے جائیں۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کی درخواست منظور کرتے ہوئے خصوصی عدالت کا قیام اور فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ آرٹیکل 6 کے تحت ترمیم کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جا سکتا، ملزم کی غیر موجودگی میں فیصلہ نہیں سنایا جا سکتا، ملزم کی غیر موجودگی میں ٹرائل کرنا بھی غیر آئینی ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے آئین شکنی کیس میں سابق صدر کو سزائے موت سنائی تھی۔