صحافی عمران ریاض کو لاہور سے دبئی جانے والی غیر ملکی ائرلائن کی پرواز سے آف لوڈ کردیا گیا۔
امیگریشن ذرائع کے مطابق عمران ریاض کو بلیک لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے پرواز سے اتارا گیا۔ ایف آئی اے کو عمران ریاض کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پولیس کی جانب سے کی گئی تھی ۔
ایف آئی اے امیگریشن ذرائع کے مطابق عمران ریاض آج صبح لاہور سے ایمرٹس ائرلائن کی پرواز سے دبئی روانہ ہو رہے تھے۔ بیرون ملک روانگی کی کوشش میں آف لوڈ کیے جانے سے متعلق اعلیٰ پولیس افسران کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
پرواز سے اتار دیے جانے کے بعد صحافی عمران ریاض ائر پورٹ سے گھر روانہ ہوگئے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے صحافی و اینکر پرسن عمران ریاض کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیتے ہوئے آئندہ ورکنگ ڈے پر انہیں مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا ، اس حوالے سے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے صحافی عمران ریاض پر مقدمات اندراج کے خلاف درخواست کی سماعت کی جہاں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہزاد شوکت پیش ہوئے اور بتایا کہ انہوں نے فائل کو دیکھا ہے اس پر تفصیلی جواب کی ضرورت ہے، اگر یہ مجسٹریٹ کے روبرو پہلے ورکنگ ڈے پر پیش ہونے کی گارنٹی دیں تو ضمانت پررہا کر دیا جائے، ہمیں عمران ریاض کی ضمانت پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔