لاہور کے مختلف علاقے کل رات 12 بجے سے 14 روز کے لئے مکمل سیل

لاہور کے مختلف علاقے کل رات 12 بجے سے 14 روز کے لئے مکمل سیل


پنجاب کی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اعلان کیا ہے کہ کل رات 12 بجے سے دارالحکومت لاہور کے ان علاقوں کو مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا جن میں کرونا کے متاثرین تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔


انھوں نے  پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ’ لاہور کے جن علاقوں میں کرونا کے متاثرین زیادہ ہیں انھیں سیل کیا جا رہا ہے۔ کل 12 بجے کے بعد ان علاقوں کو بند کر دیا جائے گا۔ ان میں شاہدرہ اور والڈ سٹی کے کچھ علاقے، مزنگ، شادباغ، ہربنس پورہ، گلبرگ اور کینٹ کے کچھ علاقے، تقریباً مکمل نشتر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن کے کچھ علاقے شامل ہیں۔‘


انھوں نے کہا ہے کہ کمشنر لاہور اور سی سی پی او لاہور کی مدد سے اس حکم پر عمل درآمد کرایا جا رہا ہے۔


یاسمین راشد نے مزید کہا کہ ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا کی دکانیں، دوا خانے اور کچھ کاروبار کھلے رہیں گے۔