Get Alerts

کرونا وائرس لاک ڈاؤن: کراچی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم

کرونا وائرس لاک ڈاؤن: کراچی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم
کراچی میں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ضلع شرقی کی 11 یونین کونسلز کو مکمل طور پر سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شرقی کے مطابق یوسیز سیل کرنے کا حکم کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر دیا گیا ہے جس کے بعد ان 11 یوسیز میں نہ جانے کی اجازت ہوگی نہ ہی وہاں سے کوئی باہر آسکے گا۔

ضلع شرقی کی جن یوسیز کو سیل کیا گیا ہے ان میں یوسی 6 گیلانی ریلوے، یوسی 7 ڈالمیا، یوسی 8 جمالی کالونی، یو سی 9 گلشن 2، یوسی 10 پہلوان گوٹھ، یوسی 12 گلزار ہجری، یو سی 13 صفورہ گوٹھ اور یوسی 14 فیصل کینٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ یونین کونسل 2 منظور کالونی، یو سی 9 جیکب لائن اور یوسی 10 جمشید کوارٹرز کو بھی سیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں پولیس اور رینجرز کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں جن یوسیز کو سیل کیا جا رہا ہے وہاں کیسز زیادہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یوسیز کو سیل کرنے کا مقصد کرونا کیسز دوسرے علاقوں تک پھیلنے سے روکنا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کی ہی گلستان سوسائٹی میں ایک ہی گھر کے 9 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ گلستان سوسائٹی کے علاوہ چراغ کالونی میں بھی کیسز سامنے آنے کے بعد دونوں علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔