پاکستان تحریک انصاف لیبر ونگ راولپنڈی کی تقریب میں پارٹی کارکن کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے سوال پوچھنا مہنگا پڑ گیا۔
تحریک انصاف ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو کونسل راولپنڈی کی خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں تقریب میں پارٹی کارکن ناصف گرو نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے سخت سوال کر دیا۔
پارٹی کارکن نے سوال کیا کہ نظریاتی رہنما پارٹی سے باہر اور چاپلوس آپ کے دائیں بائیں ہیں۔اس ساری صورتحال میں پارٹی کیسے چلے گی؟
تاہم سوال پوچھنے والے ناصف گرو کو شرکا نے گھیر کر خاموش کروانے کی کوشش کی تو عمران خان نے کارکنوں سے کہا سوال کرنے والے کارکن کو بولنے دیں۔
عمران خان نے کارکن سے استفسار کیا یعنی جینوئن ورکرز باہر بیٹھے ہیں، کارکنوں کے شور شرابے کے دوران کارکن ناصف گرو کو تقریب سے باہر لے جایا گیا اور لاتوں،گھونسوں سے تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
عمران خان سے سوال کرنے والے پارٹی کارکن ناصف گرو کا تعلق شیخ رشید کے حلقے سے ہے۔
عمران خان سے سوال کرنے والے پارٹی کارکن ناصف گرو کو پی ٹی آئی راولپنڈی کی مقامی قیادت نے رات گئے شو کاز نوٹس بھی جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ایگزیکٹو کونسل کی تقریب میں آپ نے بد تمیزی کی اور بہتان تراشی کی، آپ کا یہ اقدام پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی ہے، تین روز میں شو کاز کا نوٹس کا جواب دیں ۔