Get Alerts

'بلدیاتی انتخاب کا بائیکاٹ کر کے MQM نے خود کو سیاست سے باہر کر لیا'

'بلدیاتی انتخاب کا بائیکاٹ کر کے MQM نے خود کو سیاست سے باہر کر لیا'
ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان غلط فیصلہ ہے۔ ایم کیو ایم لیڈرشپ میں وژن کا فقدان ہے۔ ایم کیو ایم چار سال کیلئے گراؤنڈ سے آؤٹ ہو گئی ہے اور اپنے انتخابی حلقے بھی کھو بیٹھے گی۔ یہ کہنا ہے رہنما ایم کیو ایم رضا ہارون کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کے انتخاب پر اعتراض یہ ہے کہ لیڈر آف دی ہاؤس کو 184 ووٹ پڑنے چاہئیں تھے جو سادہ اکثریت بنتی ہے۔ پیپلز پارٹی اگر پی ٹی آئی کے ان 30 لوگوں کو جو آج غائب تھے، اپنے ساتھ بٹھاتی ہے تو ایکسپوژ ہو جائے گی اور اگر نہیں بٹھاتی تو میئر کراچی اکثریت کھو بیٹھیں گے۔

ڈاکٹر عائشہ صدیقہ کے مطابق پاکستان سمجھتا ہے آئی ایم ایف کے حوالے سے امریکہ جو کردار ادا کر سکتا ہے وہ نہیں کر رہا۔ اس لئے اسلام آباد میں کنفیوژن چل رہی ہے کہ امریکہ کو چھوڑ کر چین کی طرف چلے جائیں۔ حنا ربانی کھر شاید امریکہ کو پیغام دینا چاہ رہی ہیں کہ آپ اگر ہماری مدد نہیں کر سکتے تو ہمیں کہیں اور جانا پڑے گا۔ بڑی طاقتوں کی لڑائی میں پاکستان کو اس طرف کھڑے ہونا چاہئیے جہاں سے ہمیں امداد ملتی ہے۔

رپورٹر عمران وسیم کا کہنا تھا عمران خان کا رنگ اعلیٰ عدلیہ کے ججوں پر بھی نظر آتا ہے جن کا مقدمے کے دوران مختلف مؤقف ہوتا ہے اور فیصلے میں اس پر یوٹرن لے لیتے ہیں۔ 63 اے کا مقدمہ، پنجاب میں حمزہ شہباز کی وزارت اعلیٰ سے متعلق مقدمہ اور اب ریویو آف ججمنٹ قانوں سے متعلق مقدمہ اس کی مثالیں ہیں۔ 29 مئی کو چیف جسٹس صاحب نے ریویو آف ججمنٹ قانون کی تعریف کی تھی اور آج انہوں نے یوٹرن لیتے ہوئے اس پر اعتراض اٹھا دیا۔

پروگرام کے میزبان مرتضیٰ سولنگی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔