Get Alerts

لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا

لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے لئے جاری پولیس آپریشن کل صبح 10 بجے تک روک دیا۔

عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس آپریشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی جس کی سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست فواد چوہدری نے اپنے وکیل خواجہ طارق رحیم کے توسط سے دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آنسو گیس شیل سے انسانی بنیادی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔ زمان پارک کے لوگ شیلنگ سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ کی تعمیل میں قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔

خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ جیسا فلموں میں دیکھا زمان پارک ویسا وار زون بن چکا ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے خواجہ طارق سے استفسار کیا کہ کیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست ہے۔ جس پر وکیل خواجہ طارق نے جواب دیا کہ وہ درخواست وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کے لیے ہیں۔

عدالت نے چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب کو سوا 3 بجے تک عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی تھی۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع کی گئی۔ آئی جی پنجاب عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول بم سے گاڑیاں جلائی گئیں۔ صبح سے یہ حال ہے۔ گرین بیلٹ خراب کر دی۔ چیزوں کو نقصان پہنچایا۔ ہم نے بندے پکڑنے ہیں جنہوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا ۔ عدالت وارنٹ ختم کر دیتی ہم واپس آجاتے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے خرابی کی ہے۔انہیں پکڑنا ہے۔ ہمارے پاس ویڈیوز موجود ہیں۔ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب کا کہنا ہے کہ میں پوری رات اسپتال میں رہا ہوں۔ لوگ پھٹے سر کے ساتھ آرہے تھے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ شہر میں پی ایس ایل بھی ہورہا ہے۔ مجھے شہر میں امن چاہیے۔ آپ ابھی اپنا آپریشن روک دیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی درخواست زیر سماعت ہے۔

سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی نے روسٹرم پر آکر کہا کہ آئی جی پنجاب درست نہیں کہہ رہے۔ہم عدالت میں سرینڈر کرنے کو تیار ہیں۔ صرف سیکیورٹی پر تحفظات ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کو کل صبح 10 بج بلاتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل بھی ہوجائے گا۔ اس وقت تک اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ بھی آجائے گا۔

عدالت نے  پولیس کو کل صبح 10 بجے  تک آپریشن روکنے کا حکم دے دیا۔