ناجائز اثاثے بنانے کا کیس،  علیم خان ضمانت پر رہا

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے سابق سینئر وزیر اور برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء علیم خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10,10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے علیم خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت کے استفسار پر قومی احتساب بیورو ( نیب) کے پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ علیم خان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر گواہوں کے بیانات بھی پڑھ کر سنائے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا، علیم خان نے زمین کی قیمت کم ظاہر کی جس پر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا، یہ سب علیم خان نے گوشواروں میں لکھ دیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا، علیم خان کو بیرون ملک سے رقم موصول ہوئی تھی جس سے زمین خریدی گئی اور یہ ذرائع آمدن قانونی نہیں تھے۔



عدالت نے بعدازاں فریقین کے دلائل سننے کے  کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 10,10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ رواں برس نیب نے پی ٹی آئی رہنماء اور سابق سینئر وزیرعلیم خان کو نیب آفس میں پیشی کے موقع پر گرفتار کیا تھا۔

گرفتاری کے بعد علیم خان پنجاب کے سینئر صوبائی وزیر کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔