فیس بک نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملے کی لائیو ویڈیو وائرل ہونے پر شدید تنقید کے بعد اب لائیو اسٹریمنگ پر کچھ پابندیوں کا نفاذ کردیا ہے۔
فیس بک کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ کمپنی کی جانب سے 'ون اسٹرائیک' پالیسی کا اطلاق کیا جارہا ہے جس کے تحت ہر اس صارف پر پابندی عائد ہوجائے گی جو فیس بک لائیو استعمال کرتے ہوئے کمپنی کے کمیونٹی اصولوں کی خلاف ورزی کرے گا۔
فیس بک کے نائب صدر گائے روسین نے پوسٹ میں بتایا کہ کمپنی کا مقصد لائیو اسٹریمنگ کے دوران تشدد یا دیگر نفرت انگیز مواد کا خطرہ کم کرنا جبکہ لوگوں کے لیے اس فیچر کو مثبت انداز سے استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پابندیوں کا اطلاق پلیٹ فارم کے دیگر شعبوں پر بھی آئندہ چند ہفتوں کے دوران کیا جائے گا۔