سانحہ کرائسٹ چرچ، شہید پاکستانیوں کی تعداد نو ہو گئی

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد نو ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ وزارت خارجہ نے قبل ازیں چھ پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

https://youtu.be/nTLt0Yr0VqM

دفتر خارجہ کی جانب سے اب یہ کہا گیا ہے کہ مزید تین پاکستانیوں کی شہادت کی تصدیق ہو گئی ہے جن میں ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ، دو مساجد میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات، 49 افراد ہلاک

دفتر خارجہ کے مطابق، وزیر خارجہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جب کہ نیوزی لینڈ میں مسلم اور پاکستانی ایسوسی ایشن انتظامات میں مدد فراہم کر رہی ہے۔

دوسری جانب سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے نیوزی لینڈ کی حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ کرائسٹ چرچ میں متاثرہ پاکستانیوں کے خاندانوں کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔



یاد رہے کہ جمعہ کے روز ایک دہشت گرد نے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں اس وقت فائرنگ کر دی تھی جب لوگوں کی ایک بڑی تعداد نماز جمعہ کی ادائیگی میں مصروف تھی۔

اس وقت بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم بھی نماز جمعہ کے لیے مسجد میں موجود تھی تاہم بنگالی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فائرنگ کی آواز سن کر بھاگ نکلنے میں کامیاب رہے اور واپس ہوٹل پہنچ گئے۔

مزید پڑھیں: کیوی وزیراعظم کی سیاہ لباس اور دوپٹہ اوڑھ کر مسلمانوں سے تعزیت

بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ نے کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے واقعہ کے بعد گزشتہ روز دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا تھا تاہم بعدازاں بنگلہ دیش نے فوری طور پر نیوزی لینڈ کا دورہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

دوسری جانب، مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرنٹ پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔