بجلی کے مطالبے پر چترال کے علاقے مروئی والا میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد

بجلی کے مطالبے پر چترال کے علاقے مروئی والا میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد
چترال کے علاقے مروئی بالا میں بجلی کے حصول کے لئے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اہل علاقہ کی جانب سے صوبائی اور وفاقی حکومت سے فوری طور پر بجلی فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر سابقہ ایم این اے شہزادہ افتحار الدین مہمان خصوصی تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت سابق ایم پی اے مولوی عبدالرحمان نے کی۔ آل پارٹیز کانفرنس میں علاقے کے عمائدین نے کہا کہ صرف لوئیر چترال میں گولین بجلی گھر کے آس پاس کے علاقے 25000 آبادی پر مشتمل ہے مگر یہ لوگ پچھلے گیارہ مہینوں سے بجلی سے محروم ہیں۔ اس علاقے کو پہلے صوبائی محکمہ پی ای ڈی او کے ریشن پن بجلی گھر سے بجلی فراہم ہوتی تھی مگر 2015 ریشن بجلی گھر سیلاب کی وجہ سے تباہ ہو ا اور چھ سال بعد 2021 میں دوبارہ بحال کیا گیا۔ اس دوران اس علاقے کو واپڈا کی بجلی گھر سے پیسکو بجلی فراہم کرتی تھی تاہم پچھلے سال صوبائی اور وفاقی محکمہ بجلی یعنی پی ای ڈی او اور پیسکو کے درمیان لائن لاس اور ٹیرف یعنی بجلی کی نرح پر جھگڑا پیدا ہوا۔ چونکہ واپڈا کی بجلی نہایت مہنگی ہے اور پیڈو کی بجلی اس سے سستی ہے جو صوبائی محکمہ ہے۔ اس جھگڑے کے نتیجے میں یہ علاقہ پچھلے گیارہ مہینوں سے بجلی سے محروم ہیں یہاں چوبیس گھنٹوں میں صرف تین گھنٹے بجلی آتی ہے۔

علاقے کے عمائدین نے متنبہ کیا کہ اگر یہ مسئلہ جلد سے جلد حل نہیں ہوا تو یہاں 24 گھنٹوں میں صرف 3 گھنٹے آنے والی بجلی کا بھی لوگ بائیکاٹ کرکے اسے منقطع کر دیں گے اور ساتھ ہی ہم خواتین، بچوں سمیت سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

آل پارٹیز کانفرنس سے جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی و مذہبی پارٹیوں کے رہنماوں نے بھی اظہار خیال کیا۔ علاقے کے لوگوں نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی رہنماوں نے یہ مسئلہ حل نہیں کیا تو آئندہ اس علاقے میں کوئی بھی امیدوار ووٹ مانگے کی زحمت نہ کرے ہم کسی کو بھی ووٹ نہیں دیں گے۔

اس کانفرنس میں کثیر تعداد میں ضلع لوئیر اور ضلع اپر چترال کے لوگوں نے شرکت کی جو بالکل غیر سیاسی طو ر پر صرف ون پوائنٹ ایجنڈے پر اکٹھے ہوئے تھے۔