Get Alerts

ایران: 5 سیکنڈ میں کرونا وائرس کے مریض کو پہچاننے والا آلہ متعارف

ایران: 5 سیکنڈ میں کرونا وائرس کے مریض کو پہچاننے والا آلہ متعارف
ایران نے 5 سیکنڈ میں 100 میٹر کے دائرے میں موجود کرونا وائرس کا پتا چلانے والی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی۔

ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا منفرد آلہ متعارف کرایا گیا ہے جو کہ ایئرپورٹ یا ٹریفک حکام کے پاس گاڑیوں کو چیک کرنے والے اینٹینا کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے مذکورہ آلے کو 15 اپریل کو ایک چھوٹی تقریب میں متعارف کرایا۔ آلے کو متعارف کرانے والی تقریب میں ایرانی پاسدارن انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے بھی شرکت کی۔

آلے کو متعارف کراتے ہوئے جنرل حسین سلامی نے کہا کہ یہ آلہ اپنی نوعیت کا منفرد اور سٹیٹ آف دی آرٹ آلہ ہے جو کہ دنیا میں کسی اور ملک کے پاس نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ آلہ کرونا سے متاثرہ شخص کی نشاندہی 100 میٹر کی دوری سے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ساتھ ہی آلہ کسی بھی ایسے علاقے کی نشاندہی بھی کرنے کی اہلیت رکھتا ہے جہاں پر کرونا کی نمی موجود ہو۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاسداران انقلاب کے سائنسدانوں کی ٹیم کی جانب سے تیار کیا گیا آلہ محض 5 سیکنڈ میں نتائج دیتا ہے اور اس کے نتائج کرونا ٹیسٹ سے 80 فیصد ملتے جلتے ہیں یعنی آلہ 80 فیصد درست نشاندہی کرتا ہے۔

آلے کو متعارف کراتے ہوئے کمانڈر کا کہنا تھا کہ اس آلے کے استعمال کے بعد تشخیص کیے گئے شخص کے بلڈ ٹیسٹ کرنے سمیت دیگر ٹیسٹ کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

خبر رساں ادارے نے رپورٹ میں یہ نہیں بتایا کہ اس آلے کو صحت کے حکام کو دیا گیا ہے یا نہیں اور کیا اس آلے کو بڑے پیمانے پر عام افراد اور علاقوں میں آزمایا گیا ہے یا نہیں۔