قومی اسمبلی کے جاری اجلاس میں رکن قومی اسمبلی ریاض پیرزادہ نے اپنی تقریر کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی کو جھاڑتے ہوئے کہا کہ آپ اجلاس ایسے چلاتے ہیں جیسے کل قیامت آنے والی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسپیکر کی جانب سے اپوزیشن اراکین کو کم وقت دینے اور دوران گفتگو ٹوکنے پر مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ریاض پیرزادہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کوئی رکن اسمبلی بات کرتا ہے تو اس کی بات مکمل ہوئے بغیر مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی ووٹ لیکر قومی اسمبلی میں پہنچتے ہیں۔ انہوں نے اپنے حلقے اور عوامی مسائل کی بات کرنا ہوتی ہے مگر اسپیکر کی جلد بازی کی وجہ سے اراکین اپنی بات مکمل نہیں کر پاتے۔
ریاض پیرزادہ نے اسپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ جنابِ اسپیکر آپ کو تھوڑے تحمل کے ساتھ ایوان کو چلانا چاہیئے۔ بات مکمل کئے بغیر اراکین کا مائیک بند کیا جاتا ہے جس سے انکی توہین اور تضحیک ہوتی ہے۔
ریاض پیرزادہ نے پنجابی زبان میں ایک مختصر واقعہ سناتے ہوئے کہا ایک نظام الدین تھا اس نے نور دین سے کہا ’میں کراچی گیا تے سارے بجھے پھردے سی ایویں لگدا ساریاں نے کل مر جانا اے‘
انہوں نے کہا ’اسپیکر صاحب آپ بھی ایسے اجلاس چلاتے ھیں جیسے کل قیامت آنے والی ہے، چلو سارے آج ای بخشے جاؤ‘
ریاض پیرزادہ کی اس بات پہ ایوان قہقہوں سے گونج اٹھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی بھی اس بات پر ہنس پڑے۔
https://twitter.com/BIT0420/status/1383022733722734593