پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سیکیورٹی مانگ لی

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس، الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سیکیورٹی مانگ لی
پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکیورٹی مانگ لی، سیکرٹری داخلہ کو خط میں کہا کہ ملک میں جاری موجودہ صورتحال کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر کو فول پروف سکیورٹی دی جائے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے فول پروف سکیورٹی کے لیے سیکرٹری داخلہ کو خط لکھا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری موجودہ صورتحال کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر کو سکیورٹی دی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر کی رہائشگاہ اور اسلام آباد سے باہر دوران سفر سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن نے خط میں انکشاف کیا کہ گزشتہ دنوں کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے اطراف مشکوک اشخاص کو دیکھا گیا ہے۔



واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ 30 روز میں سنانے کا حکم دیا ہے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی۔