اس عید پر پاکستان اور بھارت میں ریلیز ہونے والی فلموں نے باکس آفس کی ہیئت بدل دی ہے۔ نئے باکس آفس کنگ سامنے آ گئے ہیں، جبکہ پرانے فاتحین پر اب سوالیہ نشان لگ چکے ہیں۔ بظاہر محسوس ہونے لگا ہے کہ اب باکس آفس کے نئے پیمانے وضع ہو چکے ہیں۔
پہلے بھارت کی بات کرتے ہیں۔ دھڑندر 2 کی فقیدالمثال کامیابی نے فلمی تاریخ کو بدل دیا ہے۔ اب بالی ووڈ کی تاریخ یوں لکھی جائے گی: “بھارتی سنیما، بعد از دھڑندر 1 اور 2”۔ آدتیہ دھر ایک بہترین ڈائریکٹر اور اسکرپٹ رائٹر کے طور پر سامنے آ چکے ہیں۔ پہلے Uri: The Surgical Strike بلاک بسٹر رہی، اور اب دھڑندر 1 اور دھڑندر 2 آل ٹائم بلاک بسٹر ہو چکی ہیں۔
چار ماہ کے وقفے سے دو فلمیں، اور دونوں بلاک بسٹر—یہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ رنویر سنگھ نے صرف چار ماہ میں بطور ہیرو جو شناخت حاصل کی ہے، وہ کسی بھی اداکار کے لیے چیلنج سے کم نہیں۔ دھڑندر 1 اور 2 لگ بھگ 2700 کروڑ سے زائد بزنس کر چکی ہیں، جو ناقابلِ شکست دکھائی دیتا ہے۔ دھڑندر 2 نے صرف انڈیا نیٹ میں ہی ایک ہزار کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
یہ ریکارڈ کون توڑے گا؟ کیا شاہ رخ خان کی فلم کنگ انڈیا میں ایک ہزار کروڑ نیٹ بزنس کر پائے گی؟ جواب نفی میں نظر آتا ہے۔ کنگ میں شاہ رخ خان کے ساتھ انیل کپور اور ابھیشک بچن بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف، کیارنبیر کپور، سنی دیول اور یش کی فلم رامائن ایک ہزار کروڑ انڈیا نیٹ بزنس کر سکتی ہے؟ امکانات موجود ہیں۔ اگر ایسا ہو گیا تو رنویر سنگھ کے بعد رنبیر کپور دوسرے “ہزار کروڑ نیٹ کلب” کے رکن بن سکتے ہیں۔ یوں خانز سے باکس آفس کی حکمرانی رنویر سنگھ اور رنبیر کپور کی طرف منتقل ہو سکتی ہے۔
اب پاکستان کی بات کرتے ہیں۔ عید کی فلموں میں فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم آگ لگے بستی میں اب تک 77 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے۔ جب کہ شان شاہد اور سارہ لورین کی فلم بلھا نے اب تک 22 کروڑ کا بزنس کیا ہے۔
شان کا اسٹارڈم اب ماضی کا حصہ بنتا دکھائی دیتا ہے۔ فلم بلھا کی اوسط کامیابی نے ان کی دس سالہ ناکامی کے جمود کو ضرور توڑا ہے۔ شان کی آخری سپر ہٹ فلم وار تھی، جو 2014 میں ریلیز ہوئی تھی۔ گزشتہ دس بارہ برسوں میں ان کی بیشتر فلمیں ناکام رہی ہیں۔
اس کے برعکس، فہد مصطفیٰ نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ عید سے اب تک آگ لگے بستی میں کراچی اور پنجاب دونوں میں بلھا کے مقابلے میں شوز اور بزنس کے لحاظ سے کہیں آگے رہی ہے۔ پنجاب میں آج بھی اردو فلمیں شوق سے دیکھی جاتی ہیں۔
وہ وقت اور تھا جب ٹی وی اور فلم کے اداکار الگ ہوتے تھے۔ جب سے کراچی فلمی مرکز بنا ہے، تب سے ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ نے اس تصور کو بدل دیا ہے۔ اب ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ ہی فلم اور ٹی وی کے حقیقی باکس آفس کنگ بن چکے ہیں، جب کہ شان، سعود اور معمر رانا ماضی کا قصہ بنتے جا رہے ہیں۔