کوئٹہ: کچلاک میں مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد مارے گئےاور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا کچلاک کے علاقے کلی قاسم کی ایک مسجد کے اندر ہوا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد مسجد میں منبر کے نیچے رکھا گیا تھا تاہم اس حوالے سے پولیس حکام نے اب تک کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوع پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئی ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا مسجد میں بارودی مواد پھٹنے سے ہوا۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کچلاک کے دو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں سے شدید زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے بعد سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ پولیس کی اضافی نفری تعینات کرکے اسپتال کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔