Get Alerts

مریم نواز کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ایف آئی اے میں درخواست دیدی گئی

مریم نواز کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ایف آئی اے میں درخواست دیدی گئی
تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی عالیہ حمزہ نے ایف آئی اے کے سائبر ونگ میں مریم نواز کے خلاف درخواست دیتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف سوشکل میڈیا پر ٹرینڈ چلانے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکن صابر ہاشمی کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، جس کے بعد مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت شدید الفاظ میں کی تھی۔

عالیہ حمزہ کی جانب سے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی ( ایف آئی اے) میں دائر کی گئی درخواست میں اسی ٹویٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔



عالیہ حمزہ نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ خاتون اول نہ سیاستدان ہیں اور نہ ہی سیاسی بیان دیتی ہیں۔ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اس لئے ان کے خلاف ٹرینڈ چلانا سنگین جرم ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ صابر محمود ہاشمی نامی شخص کو خاتون اول کیخلاف ٹرینڈ چلانے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ مریم صفدر اس کی حمایت میں ٹویٹ کرکے اور ضمانت کی منظوری دے کر یہ اقبال جرم کر رہی ہیں کہ خاتون اول کے خلاف یہ سب ان کے ایما پر کیا گیا تھا۔

درخواست  میں امید ظاہر کی گئی ہے اپنے اختیارات کے اندر رہتے ہوئے جلد از جلد مریم صفدر کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے، وہی میری آئی سی یو میں بیہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہیے تھا: مریم نواز
مریم نواز شریف نے وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کوئی آسمان سے اتری مخلوق نہیں، جس کی شان میں گستاخی کرنے پر شہریوں کے گھروں پر دھاوا بولا جائے گا اور ان کو سلاخوں کے پیچھے پھینکا جائے گا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کی اہلیہ کا جو احترام ہے، وہی میری آئی سی یو میں بیہوش پڑی والدہ کا ہونا چاہیے تھا، مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کا ہونا چاہیے تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عاصمہ شیرازی، ثناء بچہ اور غریدہ فاروقی کا ہونا چاہیے تھا، مگر اس وقت آپ ناصرف خود اس گندے کھیل میں شامل تھے بلکہ اپنے جاہل وزرا کا حوصلہ بڑھاتے تھے۔
مریم نواز نے اپنی ٹویٹس میں لکھا کہ اقتدار جب ہاتھ سے نکلنے لگتا ہے تو آپ جیسے انسانوں کا خوف، اسی طرح سامنے آتا ہے۔ آپ کی حرکتیں دیکھ کر پرویز مشرف کے آخری ایام یاد آ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کا ہر کام ایک نئی بربادی کا پیغام ہے۔ تیل کی قیمت میں 12 روپے لیٹر اضافہ عوام کو کچل دینے کے مترادف ہے۔ اس حکومت کا حامی ہر شخص اپنے گریبان میں جھانکے کہ اُس نے پاکستان کو کن ظالموں کے حوالے کر رکھا ہے۔ یہ تبدیلی ملک کا مزید کیا حشر کرے گی، لمحہ فکریہ ہے۔