'ہمارے اندر لاوا پکا ہوا ہے '، پی ٹی آئی وکیل کی توہین کیس میں الیکشن کمیشن ممبران سے تلخ کلامی

پی ٹی آئی وکیل نے کہاکہ یہ زیادتی ہے۔ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ بھی نہیں مل رہی۔ ہمارےخلاف توہین الیکشن کمیشن کی بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ آپ ہم سے تنقید کا حق بھی چھین رہے ہیں۔بلے کا نشان بھی چھین لیا۔

'ہمارے اندر لاوا پکا ہوا ہے '، پی ٹی آئی وکیل کی توہین کیس میں الیکشن کمیشن ممبران سے تلخ کلامی

بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں ممبر الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ شعیب شاہین نے کہا کہ اللہ کرے فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہو۔ ہمارے اندر لاوا پکا ہوا ہے، اچھا ہے ہم اس کا اظہار نہ کریں۔ 

الیکشن کمیشن میں بانی پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت شعیب شاہین نے کہا کہ ہمیں نوٹس ہی نہیں ملا۔ آج صبح ٹی وی سے معلوم ہوا کہ سماعت ہے۔ اس پر ممبر الیکشن کمیشن نے سوال کیا کہ ڈی ڈی لاء آپ نے نوٹس کیا تھا؟ ڈی ڈی لاء نے بتایا کہ اس دن جیل میں تاریخ کا اعلان ہو گیا تھا۔

پی ٹی آئی وکیل نے کہاکہ یہ زیادتی ہے۔ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ بھی نہیں مل رہی۔ ہمارےخلاف توہین الیکشن کمیشن کی بھی کارروائی کی جارہی ہے۔

شعیب شاہین نے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہم سے تنقید کا حق بھی چھین رہے ہیں۔بلے کا نشان بھی چھین لیا۔اب الیکشن کے دنوں میں ہمارے لیڈر پر توہین الیکشن کمیشن کی سزا ہو جائے گی۔

وکیل پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے خلاف پی ڈی ایم کیا کچھ نہیں بولی۔ انہیں تونہیں بلایا۔ رحیم یارخان میں ہمارے 150لوگوں کےخلاف پرچےکاٹے گئے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے شعیب شاہین کو جواب دیا کہ ہم نے چھینا نہیں۔ آپ کو دیا نہیں تھا۔ اس کیس کو بھی 2 سال ہو گئے ہیں۔ اس وقت آپ کی حکومت تھی۔

شعیب شاہین نے کہا کہ اللہ کرے فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق ہو، ہمارے اندر لاوا پکا ہوا ہے۔ اچھا ہے ہم اس کا اظہار نہ کریں۔

ممبر الیکشن کمیشن نے جواب دیا کہ آپ کے وکلاء نے حملہ کیا تھا، تنقید ہونی چاہیے لیکن گالی تو نہیں ہونی چاہیے۔یہ کیسز 2021 سے پڑے ہیں۔ آپ نے کیس کو اتنا طول دے دیا۔ جیل میں جو ہوا اس پر ہم خاموش رہے۔ جیسے جوابدہ نے جیل میں کیا ایسا ہم نے پہلے نہیں دیکھا، ہم بہت کچھ کر سکتے تھے۔

پی ٹی آئی وکیل کی جانب سے سماعت 15 فروری کے بعد رکھنے کی استدعا پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دیتے ہیں۔

اس پر شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ الیکشن ہوجانےدیں،اس کیس میں کوئی ایمرجنسی نہیں ہے۔

اس دوران شعیب شاہین کی الیکشن کمیشن ممبران سے تلخ کلامی ہوئی جس پر الیکشن کمیشن نے سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔