گردے نکالنے کی کہانی جھوٹی نکلی، نوجوان روڈ حادثے میں زخمی ہوا: ڈاؤن سنڈروم سے متاثر نوجوان زیر علاج

گردے نکالنے کی کہانی جھوٹی نکلی، نوجوان روڈ حادثے میں زخمی ہوا: ڈاؤن سنڈروم سے متاثر نوجوان زیر علاج

گزشتہ تین دنوں سے سوشل میڈیا پر ’ڈاؤن سنڈروم‘ سے متاثر ایک نوجوان کی تصویر گردش کر رہی ہے جو ہسپتال کے ایک بستر پر لیٹے ہیں اور ان کے منہ کے ساتھ ایک پائپ لگا ہوا ہے۔


سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی اس تصویرکے نیچے صارفین نے لکھا ہے کہ یہ نوجوان تین دن سے لاپتہ تھے اور کسی نے ان کے گردے نکالنے کے بعد انہیں ہسپتال میں لا کر چھوڑ دیا اور اب وہ ہسپتال کے آئی سی یو میں زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔


سوشل میڈیا پہ صارفین نے لکھا کہ


’عبید کچھ دنوں سے لاپتہ تھا آج کسی نے گردہ نکال کر سڑک کے کنارے پھینک دیا۔۔۔۔‘


اس تصویر کے ساتھ مزید معلومات شیئر نہیں کی گئیں کہ نوجوان کون ہیں؟ ان کا تعلق کہاں سے ہے؟ اور کیا واقعی ان کے گردے نکال لیے گئے ہیں؟


تاہم اسد نامی صارف کہا کہ نوجوان کا تعلق کراچی کے علاقہ گلشن حدید سے ہے اور وہ وہاں سے تین دن پہلے لاپتہ ہوگئے تھے۔  ایک صارف نے ٹک ٹاک پر مشہور ہونے والے ڈاؤن سنڈروم سے متاثر ایک نوجوان کو اس تصویرکے ساتھ جوڑ دیا۔



انڈیپنڈنٹ اردو نے اس خبر کی تحقیقات کیں اور کراچی میں جناح ہسپتال رابطہ کیا جہاں یہ نوجوان زیر علاج تھا۔ انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق جناح ہسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ یہ مکمل طور پر جھوٹ ہے کہ اس نوجوان کے گردے نکال لیے گئے ہیں اور ان کو کسی ویران جگہ پر چھوڑ دیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوان کے جسم پر گردے نکالے جانے کا کوئی نشان نہیں ہے۔


ڈاکٹر سیمی جمالی کے بقول:’اصل میں یہ نوجوان روڈ حادثے میں زخمی ہوا اور اس کے سر پر چوٹیں آئیں۔ اب وہ جناح ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے۔‘


ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ یہ نوجوان بے ہوش ہے اور ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے حالت ٹھیک نہیں ہے۔