بلوچستان کے شہر مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے نو مشتبہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، محکمہ انسداد دہشت گردی اور مختلف سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مستونگ کے علاقے قابومہران میں مشترکہ کارروائی کی۔
دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کا ایک اہل کار زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مستونگ کا شمار بلوچستان کے انتہائی حساس علاقوں میں کیا جاتا ہے جہاں سکیورٹی فورسز مختلف کارروائیوں میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کر چکی ہیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ہی کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹائون میں پولیس کی گاڑی کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا گیا تھا۔ دہشت گردی کی اس کارروائی میں پانچ پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔
گزشتہ ماہ اپریل میں دہشت گردوں نے مکران کوسٹل ہائی وے کے قریب 14 مسافروں کو بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد قتل کر دیا تھا۔