Get Alerts

مہنگائی میں کمی نہیں ہوگی، وزیر خزانہ نے عوام کو خبردار کردیا

مہنگائی میں کمی نہیں ہوگی، وزیر خزانہ نے عوام کو خبردار کردیا
وزیر خزانہ شوکت ترین نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی شرح میں کمی کا کوئی امکان نہیں ہے۔ دنیا بھر میں تیل سمیت تمام چیزوں کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن ایسا کیوں ہو رہا ہے، اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

یہ بات انہوں نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان کی چالیس فیصد آبادی کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے مہنگائی کی موجودہ لہر کو عالمی وبا سے جوڑتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے اثرات میں کمی سے مہنگائی کی شرح بھی نیچے آ جائے گی۔

شوکت ترین نے بتایا کہ حکومت کے پاس موجود ڈیٹا بیس سے پتا چل سکے گا کہ کس گھرانے کی کتنی آمدن ہے۔ اگلے سالوں میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح 20 فیصد تک لے کر جائیں گئے

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے پاکستان کو ایک ارب ڈالرز ملنے کی امید ہے۔ ہم اپنے اعدادوشمار آئی ایم ایف کو دے چکے ہیں جس کی جلد ہی توثیق کر دی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل شوکت ترین نے اپنے ایک بیان میں پاکستان میں مہنگائی کی وجہ آئی ایم ایف پروگرام کو قرار دیا تھا۔

وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ گاڑیوں کی درآمد اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے ڈالر مہنگا ہوا ہے۔