'جنرل باجوہ نے جنرل فیض حمید اور عمران خان کیخلاف ماسٹر سٹروک کھیل کر انھیں ناک آئوٹ کر دیا'

'جنرل باجوہ نے جنرل فیض حمید اور عمران خان کیخلاف ماسٹر سٹروک کھیل کر انھیں ناک آئوٹ کر دیا'
مزمل سہروردی نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ نے جنرل فیض حمید اور عمران خان کے خلاف ماسٹر سٹروک کھیل کر انھیں ناک آئوٹ کر دیا، اگر یہ تنازعہ کچھ دیر اور چلا تو عمران خان کی جماعت کا شیرازہ بکھر جائے گا۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام '' خبر سے آگے'' میں گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ اس وقت تمام فوج جنرل فیض حمید کے تبادلے کے حوالے سے جنرل باجوہ کے فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے اور کوئی بھی کور کمانڈر وزیراعظم کے ساتھ نہیں ہے۔ یہ ایسا ہی جیسا نواز شریف کے ساتھ مشرف کے معاملے پر ہوا۔

ملک میں مہنگائی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مہتاب حیدر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت کہتی ہے کہ اس وقت درآمدی مہنگائی ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایک زرعی ملک جس کی حکومت کہتی ہے کہ اس بار گندم کی بمپر فصل رہی، وہ باہر سے گندم درآمد کر رہی ہے تو یہ کیسی اور کس کی مس مینجمنٹ ہے۔

پروگرام میں شریک گفتگو ضیا الدین نے کہا کہ اس ملک میں امداد پر انحصارکرکے ٹیکس کلچر کی بڑھوتی ہی نہیں کی گئی۔ بھٹو صاحب نے جو معاشی فیصلے لیے وہ انقلابی تھے۔ انہوں نے یہ نہیں کہا کہ بڑے کاروباروں کو میں تنگ نہیں کرتا۔

رضا رومی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اصل پریشانی یہ ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ وہ کس کے کندھوں پر چڑھ کر حکومت میں آئے اور اب تک کون انہیں بچا رہا ہے۔ اگر وہ پلر ہٹ گیا تو ان کی حکومت دھڑام سے نیچے آ گرے گی۔

مرتضی' سولنگی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور بزدار سرکار کا بچنا مشکل ہے۔ اگر اب آپ (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور باقی جماعتوں میں پیار محبت بڑھتا دیکھیں گے تو اس میں مجھے حیرت نہیں ہوگی۔