برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کے انتخاب کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے مگر سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔
گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے رہنما زلفی بخاری نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بنوانے کے لیے دو تین لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں، تاہم آج جب آکسفورڈ یونیورسٹی نے امیدواروں کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں کیا تو اس کے بعد زلفی بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں پوری دنیا میں موجود پاکستانیوں سے معافی مانگی ہے کہ وہ اس مشن میں ناکام ہو گئے ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کے امیدواروں کی فہرست میں سے عمران خان کا نام نکال دیا ہے۔ میرے وکلا نے یونیورسٹی انتظامیہ کو خط لکھ کر اس کی وجوہات طلب کی ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے الیکشن میں حصہ لینے سے پہلے ہم نے کئی وکلا اور قانون دانوں سے مشاورت کی تھی۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے لیے بھی یقیناً یہ نقصان کی بات ہے کہ عالمی سطح پر اس نے خود کو بطور رجحان ساز ادارہ پیش کرنے کا موقع گنوا دیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پوری دنیا میں موجود جن جن لوگوں نے ہماری حمایت کی میں ان کا شکریہ بھی ادا کرتا ہوں اور ان سے معذرت بھی کرتا ہے۔ اسی طرح دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے بھی میں معافی مانگتا ہوں کہ میں اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ مجھے احساس ہے کہ ہماری قوم اور بہت سے دیگر لوگ عمران خان کو آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر دیکھنا چاہتے تھے۔
آخر میں انہوں نے لکھا کہ عمران خان کی جانب سے میں الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
یاد رہے آکسفورڈ یونیورسٹی نے چانسلر کے انتخابات کےلیے موزوں امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی ہے جس میں 38 امیدوار شامل ہیں۔ سابق پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں ہے جبکہ بعض دیگر پاکستانی اس فہرست میں شامل ہیں۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کی چانسلرشپ کے لیے انتخاب کا عمل 28 اکتوبر سے شروع ہو گا۔
عمران خان نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخابات کے لیے بطور امیدوار درخواست مقررہ مدت کے آخری روز 18 اگست 2024 کو جمع کروائی تھی جس کا اعلان زلفی بخاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کیا تھا۔