Get Alerts

کرونا وائرس: عالمی رینکنگ میں اسرائیل محفوظ ترین جبکہ اٹلی خطرناک ترین ملک قرار

کرونا وائرس: عالمی رینکنگ میں اسرائیل محفوظ ترین جبکہ اٹلی خطرناک ترین ملک قرار
کرونا وائرس کی عالمی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس ضمن میں عالمی ادارہ صحت سے لے کر جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورلڈومیٹرز سمیت کئی ادارے اعداد و شمار جاری کر رہے ہیں۔ ایک برطانوی ادارے کے مطابق اسرائیل کرونا وائرس سے تحفظ فراہم کرنے میں دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ اٹلی کرونا وائرس کے حوالے سے خطرناک ترین ملک ہے۔

برطانوی ادارے 'ڈیپ نالج گروپ‘ نے کرونا وائرس کے اعداد و شمار کو مختلف فریم ورکس میں تقسیم کر کے انہیں بہتر اور گہرائی میں سمجھنے کی کوشش کی ہے۔ اس ادارے نے دو سو سے زائد ممالک کے بارے میں ڈیٹا کا جائزہ لیا۔ ان میں سے ستر ممالک کے ڈیٹا کا تجزیہ کرنے کے بعد ان ممالک کی کارکردگی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک کے اقدامات کو چار مرکزی اور درجن بھر ثانوی معیارات میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں قرنطینہ سے متعلق اقدامات، وائرس سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کرنے اور ان پر نظر رکھنے، حکومت کی انتظامی صلاحیت اور ہنگامی صورت میں علاج فراہم کرنے کی صلاحیت شامل ہیں۔

اس اعتبار سے اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا تو 632.32 کے اسکور کے ساتھ اسرائیل سر فہرست رہا۔ جرمنی 631.07 کے اسکور کے ساتھ دوسرے جب کہ جنوبی کوریا 628.17 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ جرمنی میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 134,753 ہو چکی ہے اور اس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 3,800 ہے۔ اس کے مقابلے میں اسرائیل میں اب تک 12,591 کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 140 مریضوں کا انتقال ہو چکا ہے۔ چین، تائیوان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان اور ہانگ کانگ بھی ٹاپ ٹین ممالک میں شامل ہیں۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک اس درجہ بندی میں پہلے چالیس ممالک کی فہرست میں بھی کہیں جگہ نہیں پا سکے۔ مشرق وسطیٰ کے ممالک میں سے متحدہ عرب امارات اٹھارہویں، کویت چوبیسویں اور قطر ستائیسویں نمبر پر ہے۔

پاکستان اس درجہ بندی میں شامل نہیں تاہم جنوبی ایشیائی ممالک میں سے بھارت کو 545.42 پوائنٹس دیے گئے ہیں۔

برطانوی ادارے نے ان ممالک کی درجہ بندی بھی کی جہاں کرونا وائرس کا خطرہ زیادہ ہے۔ اس فہرست میں اٹلی پہلے، امریکہ دوسرے جب کہ برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔ دیگر ٹاپ ٹین خطرناک ممالک میں سپین، فرانس، سویڈن، ایران، ایکواڈور، فلپائن اور رومانیہ شامل ہیں۔

کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کا علاج کرنے کے حوالے سے کی گئی درجہ بندی میں جرمنی سرفہرست ہے جب کہ چین دوسرے نمبر ہے۔

عوام کو مدد فراہم کرنے کے حوالے سے بھی اعداد و شمار کا جائزہ لے کر درجہ بندی کی گئی۔ اس اعتبار سے بھی جرمنی دنیا کے دیگر ممالک سے آگے ہے۔ دوسرے نمبر پر امریکہ، تیسرے پر جاپان اور چوتھے نمبر پر برطانیہ ہے۔