دنیا میں کرونا وائرس پھیلنے کی رفتار میں خطرناک اضافہ: چین، امریکا اور بھارت سمیت کئی ممالک میں نیا سلسلہ

دنیا میں کرونا وائرس پھیلنے کی رفتار میں خطرناک اضافہ: چین، امریکا اور بھارت سمیت کئی ممالک میں نیا سلسلہ

دنیا بھر میں ایک جانب معیشتوں کو جلد بازی میں کھولا جا رہا ہے اور سیاسی قائدین معاشی نقصان کو جانوں کے نقصان پر فوقیت دے رہے ہیں وہیں کرونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور روزانہ کئی افراد کی جانیں نگل رہا ہے۔


 گذشتہ چار دن کے مقابلے میں جمعہ کے روز چین میں سب سے زیادہ کرونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  اس اضافے کی وجہ بیجنگ میں وائرس کی نئی لہر کو قرار دیا جا رہا ہے۔


2 کروڑ سے زائد آبادی والے اس شہر میں 297 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں 21 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ یہ تعداد ایک دن پہلے 13 تھی۔چینی دار الحکومت بیجنگ میں کرونا کی  نئی لہر کا آغاز 11 جون کو ہوا جب تھوک فروش بازار سے ایک نیا مریض سامنے آیا۔ 


بی بی سی کے مطابق پیر کے بعد سے اب تک یہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ بیجنگ میں 17 نئے مریض سامنے آئے ہیں، گذشتہ روز یہ تعداد 11 تھی۔ 20 جون کے بعد سے اب تک یہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد بتائی جا رہی ہے۔


دوسری جانب امریکا کی 16 ریاستوں میں کرونا کے مریضوں میں اچانک ریکارڈ اضافے کے بعد امریکی انفیکیشیز ڈیزیز کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فوچی نے کرونا کو قوم کو درپیش ’سنجیدہ مسئلہ قرار دیا ہے۔


یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکا میں یومیہ شرح کے مطابق ریکارڈ  40 ہزار نئے مریض سامنے آئے۔ امریکا میں اب تک 24 لاکھ افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق کی جا چکی ہے جبکہ 124749 ہلاکتیں ہوئی ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ ہیں۔


بھارت میں بھی کرونا کے حوالے سے صورتحال ابتر ہے۔  جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے  18552 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔