Get Alerts

کرونا ویکسین کا 510 افراد پر تجربہ: ستمبر تک ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہو گی، ماہرین کا دعویٰ

کرونا ویکسین کا 510 افراد پر تجربہ: ستمبر تک ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہو گی، ماہرین کا دعویٰ
آکسفورڈ یونیورسٹی میں کرونا ویکسین کی تیاری کا انکشاف ہوا ہے۔ انسانوں پر تجربات کے لیے 510 افراد کی رجسٹریشن کی گئی ہے، تجربے کا آغاز آئندہ ہفتے سے کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کے ماہرین نے کرونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بڑی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔ محققین کے مطابق جانوروں پر کامیاب تجربات کے بعد کرونا وائرس ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کے لیے 510 افراد کی رجسٹریشن کی گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین آئندہ ہفتے سے لوگوں پر آزمائی جائے گی جس کیلئے مختلف ہسپتالوں سے بات چیت ہو رہی ہے، تجربہ کامیاب رہا تو یہ ویکسین گرمیوں کے فوری بعد ستمبر تک مارکیٹ میں دستیاب ہو گی۔

اس حوالے سے پہلے مرحلے کے تجربے کیلئے 18 سے 55 سال تک کے 510 افراد کو چنا گیا گیا ہے، ان تجربات کی یونیسف کی جانب سے منظوری لی جا چکی ہے۔

دوسری جانب پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عطاالرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ اگلے دو تین یا چار ماہ میں یہ ویکسین مارکیٹ میں دستیاب ہوگی، ٹرائل کیلئے ایک پراسیس سے گزرنا ہوتا ہے، جس میں 6 سے 9 ماہ لگ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں ویکسین کیلئے ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں سائنسدانوں کے 66 بڑے گروپ ویکسین پر کام کر رہے ہیں، اس کے ٹرائل کیلئے ایک سے ڈیڑھ سال چاہیے ہوتا ہے جس کے بعد ہی یہ مارکیٹ میں آتی ہے۔