وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کیلئے الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی، الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے فوری 50 ای وی ایم مشینیں مانگی تھیں۔ وزارت سائنس نے کہا کہ وقت کی کمی کے باعث صرف مئیر کے انتخابات کیلئے ای وی ایم فراہم کر سکیں گے۔
ذرائع ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے سے متعلق معلوم ہوا ہے کہ وزرات سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے سے معذرت کرلی ہے، وزارت سائنس نے کہا کہ وقت کی کمی کی وجہ سے صرف مئیر کے انتخابات کیلئے ای وی ایم فراہم کرسکیں گے، الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس سے انتخابات کیلئے فوری 50 ای وی ایم مشینیں مانگی تھیں، جس پر وزارت نے فوری ای وی ایم مشینیں دینے دے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مشینوں پر فرضی الیکشن کنڈکٹ کیا جائے گا، تاکہ بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرائے جا سکیں۔ الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس کو ای وی ایم پر فوکل پرسن تعینات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ یاد رہے 09 دسمبر کی ایک رپورٹ کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی فراہمی کیلئے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو خط بھی لکھا، جس میں کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے بعد بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال لازمی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد مئیر کی نشست پر3900 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال ہوں گی، مئیر کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن 800 پولنگ اسٹیشنز کے تمام پولنگ بوتھ پر ای وی ایم استعمال کریگا، الیکشن کمیشن800 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں بیک اپ کیلئے رکھے گا، تمام پولنگ بوتھز کیلئے 3100 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہوں گی۔ الیکشن کمیشن نے خط کے ذریعے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ای وی ایم کے علاوہ تکنیکی سپورٹ مانگی ہے، الیکشن کمیشن نے پراجیکٹ مینجمنٹ، سپورٹ سروسز، مشینوں کی پروڈکشن، مشینوں کی ٹیسٹنگ اور کوالٹی کنٹرول بھی مانگا ہے، اسی طرح الیکشن کمیشن نے مزید مطالبہ کیا کہ وزارت سائنس رسک مینجمنٹ، سیکیورٹی میکنزم سرٹیفکیشن سمیت پولنگ سٹاف کی تربیت دے۔