Get Alerts

سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کا الزام، ’عہد وفا‘ پر پابندی کے لیے عدالت میں درخواست دائر

سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کا الزام، ’عہد وفا‘ پر پابندی کے لیے عدالت میں درخواست دائر
پاکستان کے نامور اداکار احد رضا میر، عثمان خالد بٹ، احمد علی اکبر اور وہاج علی کا ڈرامہ 'عہد وفا' اس وقت انٹرنیٹ پر خوب مقبول ہو رہا ہے۔ جہاں سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کو شائقین کا ملا جلا ردعمل موصول ہورہا ہے وہیں اب سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کے الزام میں اس ڈرامے پر پابندی کے لیے لاہور کے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

ڈرامے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں دائر اس درخواست پر رجسٹرار آفس نے اعتراض بھی اٹھایا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔

محمد ذیشان نامی قانون کے طالب علم نے لاہور کے ہائی کورٹ میں 'عہد وفا' پر پابندی کے لیے درخواست دائر کی۔ اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں سیاستدان، میڈیا، بیوروکریسی اور فوج کے کردار دکھائے گئے جبکہ سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عہد وفا میں سیاستدانوں اور میڈیا کی کردار کشی سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا منفی تاثر جارہا ہے۔

محمد ذیشان نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اس ڈرامے پر پابندی کا حکم دے۔