Get Alerts

پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ

پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو فوری طور پر غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز فوری طور پر ملتوی کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ پی ایس ایل کا پہلا سیمی فائنل مقابلہ آج لاہور میں ملتانز سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونا تھا جب کہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانا تھا۔ پہلا سیمی فائنل دوپہر 2 بجے اور دوسرا سیمی فائنل شام 7 بجے کھیلے جانا تھا لیکن آج کے میچز کو فوری ملتوی کر دیا گیا ہے جب کہ فائنل کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد کھیلنےکو تیار نہیں تھی، اس لیے ایونٹ ختم کرنے کا فیصلہ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کےاجلاس میں کیا گیا جبکہ پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو فیصلے سےآگاہ کر دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ ختم کرنے کے فیصلے پر شعیب اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈاؤن ہو گیا ہے، تقریبات منسوخ ہو گئی ہیں، پی ایس ایل ایک ہفتہ پہلے منسوخ کر دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے پی ایس ایل منسوخ کر کے کہنا چاہیے تھا ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ کراوڈ کے بغیر کوئی مزہ نہیں، یہ پی سی بی کا اچھا اقدام ہے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث سب سے پہلے ایونٹس کے میچز بغیر تماشائیوں کے کروانے کا اعلان کیا گیا تھا پھر بعد میں اس کے میچز محدود کر دیے گئے۔