Get Alerts

افغانستان، نیٹو کا فضائی حملہ، افغان پولیس کے 17 اہلکار غلطی سے جاں بحق

افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند کے دارالحکومت کے نزدیک طالبان سے جھرپوں کے دوران نیٹو کے فضائی حملے میں غلطی سے افغان پولیس کے 17 اہلکار ہلاک ہو گئے۔

الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، صوبائی کونسل کے سربراہ عطاءاللہ افغان نے کہا ہے کہ لشکرگاہ شہر کے باہر اس وقت حملہ کیا گیا جب افغان پولیس اور طالبان کے درمیان جھڑپیں جاری تھیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق، فضائی حملہ نیٹو کے ریزولیٹ سپورٹ مشن فورس کی جانب سے ہلمند قندھار ہائی وے کے علاقے نہرسراج میں کیا گیا۔



افغانستان میں موجود امریکی فوج کی جانب سے مذکورہ حملے سے متعلق فوری طور پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا۔

ہلمند کے گورنر محمد یٰسین نے کہا ہے کہ فضائی حملے کی تحقیقات جاری ہیں جب کہ طالبان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حملہ امریکی فورسز کی جانب سے کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں قریباً گزشتہ دو دہائیوں سے جاری جنگ کے بعد امریکہ اور طالبان خطے میں قیام امن کے لیے براہ راست مذاکرات کر رہے ہیں جس کا حالیہ دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوا جس میں امریکہ کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد اور طالبان کے نمائندوں نے مذاکرات کیے۔