Get Alerts

لوٹوں کیخلاف فیصلے پر شکریہ، اب سپریم کورٹ شریف فیملی کے کیسز بھی سنے: عمران خان

لوٹوں کیخلاف فیصلے پر شکریہ، اب سپریم کورٹ شریف فیملی کے کیسز بھی سنے: عمران خان
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں آج سپریم کورٹ کے فیصلے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ سپریم کورٹ نے آج پاکستان کی اخلاقیات کو گرنے سے بچایا۔ اب گزارش ہے کہ شریف فیملی کیخلاف کیسز کو بھی سنا جائے۔

کوہاٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امپورٹ حکومت پر اس وقت خوف طاری ہے۔ شہباز شریف نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی۔ ن لیگ کے مقابلے میں زرداری سب پر بھاری ہے۔ آصف زرداری وفاق میں بھی ہے اور سندھ پر بھی قبضہ کئے بیٹھا ہے۔ اس وقت سب سے زیادہ مزے آصف زرداری کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لوٹوں کے خلاف فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ جو لوگ ووٹ بیچتے ہیں اپنے لوگوں، آئین اور جموریت سے غداری کرتے ہیں، شکر ہے سپریم کورٹ نے آج ان کی ووٹ کو رد کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے ایک اور درخواست ہے کہ شریف فیملی کے کرپشن کیسز آپ سنیں کیونکہ ایف آئی اے کو تباہ کر دیا ہے اور ہمیں کسی اور پر اعتماد نہیں رہا۔


ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کا بڑا شوق تھا، اس نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، آج ن لیگ کے مقابلے میں واقعی زرداری بھاری ہے، ساری گالیاں ن لیگ کو پڑرہی ہیں اور زرداری مزے کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف نے بھی بڑی دیر سے اچکن سلوائی، اب اچکن کو بھی رکھو اور پنجاب میں مرغی کی قیمتیں بھی نیچے آجائیں گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکیوں کو جانتا ہوں وہ ڈالر ایسے نہیں دیں گے، مزید غلامی کرائیں گے، امپورٹڈ حکومت پر اس وقت خوف طاری ہے، جو چہرے ہم پر مسلط کئے گئے اور جنہوں نے مسلط کئے ان کو پیغام ہے کہ یہ آزاد ملک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ گر رہا ہے اور گالیاں شہباز شریف کو پڑ رہی ہیں۔ ہم نے روس سے تیل خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔ روس سے تیل لینے سے عوام کو 30 فیصد پیٹرول سستا ملنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے لگی ہیں۔ امپورٹڈ حکومت خوف زدہ ہے۔ جہاں سے ان کی حکومت بنی ان کا حکم ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کیا جائے۔