Get Alerts

9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے: علی زیدی

9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے: علی زیدی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی  نے پارٹی چھوڑنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس دن چھوڑوں گا جس دن چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پی ٹی آئی چھوڑیں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی اس دن چھوڑوں گا جس دن چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پی ٹی آئی چھوڑیں گے۔ 23 سال پارٹی کو دیے ہیں۔ تحریک انصاف میری جماعت ہے۔ مجھ پر کوئی دباؤ ڈال کر پارٹی نہیں چھڑوا سکتا۔ ہماری پارٹی کے اندر سے ایسی گھٹیا باتیں کی جارہی ہیں۔

عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس اشتعال انگیزی کی مذمت کرتا ہوں۔ پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیے۔ ریاستی اثاثوں کو نقصان پہنچانے والا پی ٹی آئی کا کارکن نہیں ہوسکتا۔

پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے کوئی نہیں روک سکتا لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ دہشتگردی تھی۔ کبھی تشدد کی حمایت نہیں کرسکتا۔ کور کمانڈر لاہور کے گھر میں توڑپھوڑ کی گئی۔ ریڈیو پاکستان کو جلایا گیا۔ شہدا کے یادگار کو جلانے سے سب سے زیادہ تکلیف ہوئی۔ فوج ہم سے ہے اورہم فوج سے ہیں۔ اختلاف رائے توماں، باپ، بھائی بہن اور میاں بیوی میں بھی ہوتا ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمودکیانی نے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

عامر محمودکیانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا اس سے بہت تکلیف ہوئی۔ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس کا واقعہ افسوس ناک ہے۔ میرے دادا اور خاندان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بحرانی کیفیت میں ہے۔ پی ڈی ایم کا شکریہ جو معیشت سنبھالنے میں لگی ہے۔