مشہور اور پرانا انگریزی محاورہ ہے کہ بلی کی 9زندگیاں ہوتی ہیں، اِس محاورے کے مطابق بلی اپنی پہلی 3زندگیوں میں کھیلتی ہے پھر 3زندگیوں میں آوارہ گردی کرتی ہے اور آخری 3زندگیوں میں وہ ایک جگہ قیام کرتی ہے۔ بلیوں کو اپنی جگہ بدلتے تو ہم نے خود بھی دیکھا ہے اور یہ بھی مشاہدہ کیا ہے کہ بلی اپنے چھوٹے چھوٹے بلونگڑوں کو بھی منہ میں اٹھا کر کئی جگہ گھماتی پھراتی ہے۔ زندگی کو مختلف ادوار اور انداز میں گزارنے کا فن بلی سے بہتر کوئی نہیں جانتا یا پھر ہماری فردوس عاشق اعوان ہیں جو ہمارے دیکھتے ہی دیکھتے کم از کم 5سیاسی زندگیاں گزار چکی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ ہر بار پوری آن بان اور شان و شوکت سے نئی زندگی میں اِس زور آور انداز میں ظاہر ہوتی ہیں کہ اپنی زندگی کے پچھلے کیریئرز کی شان کو خود ہی ماند کر دیتی ہیں، یوں لگتا ہے کہ اُن کی موجودہ زندگی کا موڑ ہی سب سے شاندار ہے۔