سلیکٹڈ حکمران، عوام پریشان: باجوہ صاحب یہ سب آپ کے ہاتھوں سے ہوا ہے، نواز شریف کا خطاب

سلیکٹڈ حکمران، عوام پریشان: باجوہ صاحب یہ سب آپ کے ہاتھوں سے ہوا ہے، نواز شریف کا خطاب
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اپوزیشن کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک کے پہلے گوجرانوالہ کے جلسے سے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا، جسے بظاہر آزادی اظہار رائے کے علمبردار میڈیا نے بالکل بھی نہ دکھایا۔

میاں نوازشریف نے ملکی حالات کو ابتر اور افسوس ناک قرار دیتے ہوئے  گذشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا  حوالہ دیا اور اسکا الزام  پاکستان فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ باجوہ صاحب  آپ نے ہماری چلتی ہوئی حکومت کو گھر بھیج کر من پسند نااہلوں کا ٹولہ ملک و قوم پر مسلط کردیا۔ جس کا آپ کو ہی جواب دینا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ سویلین حکومتوں کو ان کی مدت مکمل کرنے کیوں نہیں دی جاتی۔ 

نواز شریف کی یہ تقریر میڈیا پر نشر نہیں کی گئی۔ کسی ٹی وی چینل نے اس تقریر کو کوریج نہیں دی۔ سوشل میڈیا پر سنی جا سکنے والی اس تقریر میں  نواز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ ' یہ سب کچھ آپ کے ہاتھوں سے ہوا ہے، آپ کو نواز شریف کو غدار کہنا ہے ضرور کہیے، اشتہاری کہنا ہے ضرور کہیے، نواز شریف کے اثاثے جائیداد ضبط کرنا ہے ضرور کریں، جھوٹے مقدمات بنوانے ہیں بنوائیے لیکن نواز شریف مظلوم عوام کی آواز بنتا رہے گا، نواز شریف عوام کو ان کے ووٹ کی عزت دلوا کر رہے گا۔

انھوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’عوام کا ووٹ کس نے چوری کیا، انتخابات میں کس نے دھاندلی کی؟ جو ووٹ آپ نے ڈالا تھا وہ کسی اور کے ڈبے میں کیسے پہنچ گیا؟ رات کے اندھیرے میں آر ٹی ایس کس نے بند کیا؟ نتائج کیوں روکے رکھے گئے؟ اور ہاری ہوئی پی ٹی آئی کو کس نے جتوایا؟ عوام کے ووٹ کی امانت میں کس نے خیانت کی؟ کس نے سلیکٹڈ حکومت بنانے کے لیے ہارس ٹریڈنگ کا بازار دوبارہ کس نے گرم کیا؟ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی لعنت جس سے ہم بہت ہی مشکل سے جان چھڑا چکے تھے اسے باجوہ صاحب آپ نے دوبارہ سے شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سب کا جواب آپ نے دینا ہے۔

نواز شریف نے فوج کے سپہ سالار پر الزام عائد کیا کہ عدلیہ پر دباؤ ڈال کر اپنے من چاہئے فیصلے لینے کے پیچھے بھی آپ کا کردار تھا۔ جسٹس شوکت صدیقی اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی جیسے ایماندار جج جب نہ جھکے تو انکے خلاف کارروائی شروع کردی۔

نواز شریف کی اس تقریر کے بعد ٹویٹر پر محاذ گرم رہا اور رات گئے پاک فوج سے محبت اور نواز شریف غدار کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرتے رہے جبکہ صحافی اور تجزیہ کار حیرانی اور پریشانی کا اظہار بھی کرتے رہے جبکہ ان میں سے کئی انگشت بدندان رہے۔

عاصمہ شیرازی نے لکھا: نواز شریف نے آج وہ سب کچھ کہہ دیا جو صرف سوچا ہی جا سکتا تھا ۔۔۔صورت حال بدل نہیں رہی ، بدل گئی ہے ۔۔ آنے والے دنوں میں بیانیہ کمزور نہیں مضبوط ہو سکتا ہے ۔۔۔ اللہ رحم کرے

https://twitter.com/asmashirazi/status/1317183418782932992

وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے نواز شریف کی تقریر کا وہ کلپ شئیر کیا جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ جنرل قمر جاوید باجوہ صاحب عمران نیازی جیسی اس سوغات کو لا کر ملک و قوم کی پریشانیوں کا آپ ہی موجب ہیں۔  ریحام نے لکھا کہ شاباش۔۔۔ یہ سب کہنے کی ضرورت تھی یہ سننے کی ضرورت تھی۔

https://twitter.com/RehamKhan1/status/1317190445429116934