اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں NA157 ملتان کے حلقے کے جیتنے والے امیدوار سید علی موسیٰ گیلانی نے ٹوئٹر پر اپنے ووٹرز کا شکریہ ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں جن سے وہ NA157کے لوگوں کا شکریہ ادا کریں جس طرح انہوں نے باہر نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کیا اور پاکستان میں جمہوریت کو مظبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب ممبر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے حلقے کے لوگوں کی خدمت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان ووٹرز کا بھی دل جیت لیں گے جہنوں نے ان کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔
انہوں نے اپنی مخالف امید وار پاکستان تحریک انصاف کی مہربانو قریشی کو متاثر کن الیکشن کیمپین پر خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ میں اس امید کا بھی اظہار کیا کہ جیت اور ہار دونوں صورتوں میں سیاستدانوں کو با عزت رویوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
علی موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ اپنی جیت کے لئے اللہ تعالیٰ کے شکرگزار ہیں اور اپنی جیت کو اپنے حلقے کے ان لوگوں کے نام کرتے ہیں جنہوں نے عمران خان کے جھوٹ اور دھوکے کے پردے کو چاک کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ NA157 کے لوگوں نے عمران خان کا نفرت، منافقت اور تقسیم کا بیانیہ مسترد کر کے پورے پاکستان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی کو شکست دی تھی۔ یہ 8 قومی اسمبلی کے ضمنی الیکشن کے حلقوں میں سے محض دوسری نشست تھی جس پر پی ٹی آئی کو شکست ہوئی۔ کراچی میں ملیر این اے 237 پر بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو شکست دی تھی۔ یہ ان ضمنی انتخابات میں واحد سیٹ تھی جس پر عمران خان کو شکست ہوئی۔