سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا ایک ' سیاسی کوڑے دان' ہے اور فرخ حبیب 'روحانی لوگوں' کی تجویز پر اس کوڑے دان میں کود پڑے ہیں۔
نیا دور ٹی وی پر ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ فرخ حبیب نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ کچھ 'روحانی لوگوں' نے ان کی آئی پی پی میں شمولیت میں مدد کی۔ یہ ' روحانی لوگ' وہ ہوتے ہیں جو پوشیدہ رہتے ہیں لیکن جب ظاہر ہوتے ہیں، تو کوئی کچھ نہیں دیکھ سکتا۔
تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا کہ چند روز قبل فرخ حبیب کی اہلیہ نے اپنے شوہر کی بازیابی کے لیے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو خط لکھا تھا تاہم پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی کے سابق رہنما کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلے کرنے کے لیے روپوش ہوئے تھے.
تجزیہ کار نے کہا کہ فرخ حبیب کو آئی پی پی میں شامل ہونے میں کافی وقت لگا۔ فرخ حبیب کی پریس کانفرنس میں نہ جہانگیر ترین اور نہ ہی علیم خان موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تھرڈ کلاس انٹری تھی۔
انہوں نے کہا کہ فرخ حبیب کا آئی پی پی میں کوئی مستقبل نہیں۔ سیاست میں ان کا دور ختم ہو چکا ہے۔
مزمل سہروردی نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا انٹرویو بھی آنے والے دنوں میں متوقع ہے۔ شیخ رشید سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہیں لیکن انہیں مجبوراً آئی پی پی میں شامل ہونا پڑے گا۔ تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ شیخ رشید جلد ہتھیار ڈال دیں گے کیونکہ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر میں پہلے کبھی اس طرح کے دباؤ کا سامنا نہیں کیا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی آمد کے شیڈول کے بارے میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کار نے کہا کہ سابق وزیراعظم 21 اکتوبر کو صبح 8 بجے 150 افراد کے ساتھ دبئی جائیں گے جن میں صحافی اور بیرون ملک مقیم پارٹی ورکرز شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہاں سے نواز شریف پاکستان واپس آنے کے لیے چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوں گے۔
مزمل سہروردی نے کہا کہ نواز شریف اسلام آباد آئیں گے اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف شام 4 بجے لاہور پہنچیں گے۔ اور شام 6 بجے جلسے کے لیے مینار پاکستان پہنچیں گے۔