آئین پاکستان میں 26 ویں ترمیم سے متعلق قائم کی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتیں آئینی عدالت کے قیام سے دستبردار ہو گئی ہیں جبکہ کمیٹی کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام ف کے مطالبے پر آئینی بینچ بنانے پر اتفاق ہو گیا ہے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں 26 ویں آئینی ترمیم کے مسودے پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحادی جماعتوں اور جے یو آئی میں آئینی عدالت کے قیام سے متعلق آئینی ترمیم ڈراپ کرنے اور آئینی بینچ کی تشکیل پر اتفاق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور جے یو آئی نے مشترکہ مسودے پر پی ٹی آئی سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔ مولانا فضل الرحمان حتمی مسودہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ شیئر کریں گے اور مسودے کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔
پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ ہو گا۔